ویب ڈیسک:مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل و گیس کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، جس کے اثرات دیگر ممالک تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ اسی صورتحال نے بھارت میں ایک ریسٹورنٹ کو نہایت منفرد پیشکش متعارف کرانے پر مجبور کر دیا۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریسٹورنٹ نے شہریوں کی توجہ اس وقت حاصل کی جب اس نے ایل پی جی سلنڈر کے بدلے مفت بریانی دینے کی آفر پیش کی۔ ریسٹورنٹ کے باہر لگے پوسٹر پر دلچسپ پیغام درج ہے: “ہمیں کھانا پکانے میں مدد دیں، ہم آپ کو کھانا کھلائیں گے”۔
آفر کے مطابق، جو شہری ایک کمرشل گیس سلنڈر فراہم کرے گا اسے پورے مہینے مفت بریانی دی جائے گی، جبکہ دو سلنڈر دینے والے افراد روزانہ دو پلیٹ بریانی حاصل کر سکیں گے۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ گیس کی شدید کمی نے ان کے کاروبار کو سخت متاثر کیا ہے اور وہ اپنا ریسٹورنٹ بند کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لیے انہوں نے یہ غیر روایتی حل نکالا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں ایل پی جی کی سپلائی مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث متاثر ہو رہی ہے، جس سے عام شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
اس سے قبل میرٹھ کے ایک سرکاری اسپتال کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جہاں گیس نہ ہونے کے باعث عارضی چولہوں پر کھانا تیار کیا جا رہا تھا۔