سٹی42: لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام منصوبوں پر عید کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہیں۔ عید کے دنوں کے دوران کوئی مین ہول ڈھکن کے بغیر نہیں رہے گا، جو ڈھکن ٹوٹا اسے فوراً تبدیل کیا جائے گا۔ تمام سیوریج لائنیں صاف رکھی جائئیں گی، کوئی تعطل آیا تو فوراً دور کیا جائے گا۔
عید کے دوران واسا کے آپریشنز کو بہتر طریقہ سے جاری رکھنے کے لئے خصوصی تیاری اجلاس ہفتے کے روز واسا کے ایم ڈی غفران احمد کی صدارت میں ہوا۔
اس اجلاس میں ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز آپریشن اور ڈائریکٹر مینٹیننس کو عید الفطر کے دوران پانی کی فراہمی، سیوریج اور نکاسی آب کے سسٹم میں موثر انداز میں چلانے کے لئے خود نگرانی کریں گے۔
تمام ڈائریکٹرز واسا کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام علاقوں کا مکمل سروے کریں گے۔ کھلا یا ٹوٹا ہوا مین ہول، پانی کے اوور فلو جیسی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا ۔
ایم ڈی نے تمام فیلڈ دفاتر کو عید کے دنوں میں فعال اور عملہ کو مکمل متحرک رکھنے کی ہدایت کی۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے کہا کہ تمام ڈرینز کی شیڈول کے مطابق ڈی سلٹنگ جاری رکھی جائے۔
انہوں نے سیوریج کے عملہ کو سیوریج کے مسلسل بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل الرٹ رہنے کی ہدایات کیں۔
ایم ڈی نے حکم دیا کہ ڈائریکٹر مینٹی نینس ڈسپوزل و ٹیوب ویلز مشینری کی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کروائیں۔
تمام آپریشنل سٹاف عید کے دنوں میں تین شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا۔
عید کے دنوں میں ٹیوب ویل ٹائمنگ کے دوران صارفین کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔