سٹی 42: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت اور تمام ٹکٹ ہولڈرز کو کل لاہور طلب کر لیا ہے، جہاں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس صبح 11 بجے 8 کلب روڈ لاہور میں ہوگا، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے حوالے سے پارٹی قیادت اور تمام امیدواروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کی حکمت عملی، انتخابی مہم، تنظیمی معاملات اور امیدواروں کے لیے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔
اجلاس کے دوران مریم نواز شریف پارٹی امیدواروں اور قیادت کو انتخابی مہم سے متعلق اہم ہدایات اور تجاویز دیں گی۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام حلقوں کی سیاسی صورتحال، رابطہ مہم اور پارٹی تنظیم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت آج رات لاہور پہنچے گی، جبکہ یہ اجلاس آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔