سٹی 42 : این ڈی ایم اے نے الرٹ کیا ہے کہ یکم سے 6 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا پہلا باقاعدہ اسپیل متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع، شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔
یکم تا 5 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یکم تا 5جولائی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کاخدشہ موجود ہے۔ استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔ یکم تا 4 جولائی بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔ سیاح، مسافر اور مقامی انتظامیہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور این ڈی ایم اے و متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔