ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے قصور پولیس کی مبینہ ناقص تفتیش پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کو 30 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ وہ خود پیش ہو کر مقدمے کی تفتیش میں سامنے آنے والی خامیوں پر وضاحت دیں۔
جسٹس محمد طارق ندیم ملزم شاہ نواز کی عبوری درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کریں گے، جس کے لیے کاز لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں 30 جون تک توسیع کرتے ہوئے ڈی پی او قصور کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
عدالت سماعت کے دوران اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا پولیس نے تفتیش قانون کے مطابق مکمل کی یا اس میں موجود نقائص مقدمے کی شفافیت پر اثرانداز ہوئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد نوید عمر بھٹی عدالت میں پیش ہو کر سرکاری مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
قانونی حلقوں کے مطابق اس مقدمے کی سماعت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ عدالت قصور پولیس کی تفتیشی کارکردگی اور ذمہ دار افسران کی وضاحت کا تفصیلی جائزہ لے گی۔