ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ کا ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن حکام پر اظہارِ برہمی، ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ طلب

لاہور ہائیکورٹ کا ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن حکام پر اظہارِ برہمی، ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ طلب
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات پر بروقت عمل درآمد نہ ہونے پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور اینٹی کرپشن حکام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف کو یکم جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

جسٹس محمد طارق ندیم نے فراڈ کے ذریعے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے مقدمے میں ملزم محمد محسن کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن عدالتی احکامات پر بروقت عمل نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے دونوں اداروں نے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی قسم اٹھا رکھی ہو۔

سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر لاء رانا اعجاز خلیل اور ایس ایچ او ایف آئی اے تھانہ گوجرانوالہ زاہد فاروق عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس محمد طارق ندیم نے استفسار کیا کہ کیا ڈائریکٹر خود عدالت میں موجود ہیں، جبکہ عدالت نے جمع کرائی گئی رپورٹ اور شوکاز نوٹس کے جواب پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں تو وہ مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ ایس ایچ او کو جاری شوکاز نوٹس کے جواب پر نہ مہر موجود تھی اور نہ ہی ڈائری نمبر درج تھا، جو قانونی طریقہ کار کے خلاف ہے۔

جسٹس محمد طارق ندیم نے کہا کہ ایسے کئی مقدمات عدالت کے سامنے آ رہے ہیں جن میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا، حتیٰ کہ مدعی کی تعمیل کے لیے کانسٹیبل بھی نہیں بھیجا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران نے لاء افسران کے ساتھ بھی مذاق بنا رکھا ہے۔

عدالت نے سابقہ سماعت میں ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کو مقدمے کی خود نگرانی کی ہدایت دی تھی، تاہم عدالت کے مطابق اس پر بھی قانون کے مطابق عمل نہیں کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ محمد بن اشرف کو یکم جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، جبکہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والے ایس ایچ او کے خلاف مزید کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔