ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عدالت کی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس کے فارمیٹس میں ترمیم کی ہدایت 

عدالت کی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس کے فارمیٹس میں ترمیم کی ہدایت 
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ میں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے فارمیٹ میں مقدمات کے اندراج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے آئی جی پنجاب عبدالکریم کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے موجودہ فارمیٹ پر بھی اعتراض کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس معاملے میں عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک سال قبل دیے گئے حکم کے باوجود عمل نہ ہونے پر اب توہین عدالت کی درخواستیں دائر ہو رہی ہیں۔

جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ عدالتی سوالات کے جواب میں جمع کرائی گئی رپورٹ ناکافی ہے اور آئی جی پنجاب کو ان کے ماتحت افسران کی جانب سے غلط رہنمائی دی جا رہی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے دو الگ الگ فارمیٹس تیار کیے جائیں، ایک سزا یافتہ افراد کے لیے اور دوسرا بری ہونے والے افراد کے لیے۔

آئی جی پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ سسٹم آٹومیٹڈ ہے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لیے کچھ مہلت دی جائے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کتنی مہلت درکار ہے، جس پر آئی جی نے ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا کی۔

عدالت نے آئی جی پنجاب کو ہدایت دی کہ دونوں فارمیٹس تیار کرکے پیش کیے جائیں اور ڈی پی اوز کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا جائے۔ مزید کہا گیا کہ آئندہ سماعت تک عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔