(سٹی42) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سابق وزیراعظم کی اپیل پر سماعت کی۔شاہد خاقان عباسی نے آبائی حلقے این اے 57 مری سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف خواجہ طارق رحیم کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں گزشتہ روز اپیل کی تھی۔
سابق وزیراعظم نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایپلٹ ٹریبونل کے پاس آراوکےفیصلے کومنظور،مسترد کرنیکااختیار ہے لیکن کسی بھی شخص کو تاحیات نااہل قرار دینے کا اختیار نہیں ہے۔ایپلٹ ٹریبونل نے اختیارات سے تجاوز کی۔
شاہد خاقان عباسی نے اپیل میں استدعا کی تھی کہ الیکشن ٹریبونل کے تاحیات نااہل قراردینےکےفیصلے کوکالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو حلقہ این اے 57 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔
واضح رہے کہ 27 جون کو کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل قرار دے دیا۔ فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ ایسے زنگ آلود چہرے قوم کی نمائندگی نہیں کر سکتے۔