نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی شدید برہم

نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی شدید برہم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:     ایم پی اے  نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی شدید برہم ہو گئے۔ 

سپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویز الہی نے کہا  یہ جنگل نہیں، پارلیمنٹ ہے، یہاں کوئی ٹارزن بننے کی کوشش نہ کرے۔ پارلیمنٹ اپنی عزت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ایوان کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو حکومت کوئی قانون بھی پاس نہ کرواسکے گی۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث صرف پچیس منٹ چل سکا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی جہانگیر ترین گروپ کے سعید اکبر نوانی نے نذیر چوہان کی گرفتاری پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ سپیکر چودھری پرویزالہی نے نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرقانون  راجہ بشارت سے استفسار کیا کہ انہیں اسمبلی کیوں نہیں لایا گیا۔ کیا یہ لوگ پارلیمنٹ کے ساتھ لڑائی چاہتے ہیں؟ سپیکر کا کہنا تھا کہ بیوروکریٹس کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔

یہ جو ٹارزن بننے کی کوشش کررہے ہیں ان سب کو وارننگ دیتا ہوں یہ پارلیمنٹ ہے جنگل نہیں، ایوان کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہم سزا بھی دے سکتے ہیں۔ حکومت نے عملدرآمد نہ کیا تو کوئی قانون پنجاب اسمبلی سے پاس نہیں ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ جب تک پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہوتا، روز اجلاس ہوگا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان کی کاروائی چلائے بغیر اجلاس جمعہ کی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔