ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلاول، شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کا حکومت کو جلد گھر بھیجنے پر اتفاق

بلاول، شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کا حکومت کو جلد گھر بھیجنے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ماڈل ٹاؤن ( عمراسلم ، فاران یامین، شہباز علی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، آل پارٹیز کانفرنس سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، تینوں رہنماؤں نے حکومت کو  جلد گھر بھیجنے پر اتفاق کر لیا۔

چیئرمین پی پی اورصدرمسلم لیگ (ن) میں ایک گھنٹے سے زائد تک ملاقات ہوئی،ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو اور شہبازشریف کی ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

 بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، حکومت نے اربوں کے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں، عید کے بعد رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس کے بعد اے پی سی میں حکومت کیخلاف لائحہ عمل بنائیں گے۔

 

بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کیلئے خطرہ بن چکی ہے، حکومت کو گرانے کیلئے عوام اور اپوزیشن متحد ہے، بس اب عمران خان کو جانا ہوگا، اپوزیشن باہر نکلے گی تو دھرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ جتنے این آر اوز اس حکومت نے لیے اتنے کسی نے نہیں لیے، کلبھوشن یادیو پر حکومت بات کیوں بات نہیں کرتی۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے تنقید کی۔

 صدر مسلم لیگ (ن )میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ اے پی سی کو کامیاب بنائیں گے، موجودہ حکمرانوں کیخلاف عوام کی آواز بنیں گے۔

نجی ہوٹل میں مولانافضل الرحمان سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ عوام اور تمام صوبے اس بات پر ایک پیج پر ہے کہ عمران خان کو جانا ہوگا، اے پی سی میں مشترکہ لائحہ عمل کااعلان کریں گے، حکومت ناکام ہو چکی ہے، اب عمران خان کو گھر جانا ہوگا، اپوزیشن ملکر حکومت کے خلاف حکمت عملی کا فیصلہ کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کو چوری کیا ہوا عوامی مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا، موجودہ حکومت نااہل اور ناجائز ہے، میں اپوزیشن کا ستون ہوں، اب اپوزیشن متحد ہو رہی ہے۔

مولانافضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے کہاکہ اپوزیشن اورعوام ایک پیچ پر ہیں،آج کی بات چیت کا نتیجہ عید کے بعد آئے گا۔

Sughra Afzal

Content Writer