ویب ڈیسک: یمن میں حوثیوں کی اکثریتی تنظیم انصاراللہ سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم احمد غالب اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئے۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ یمنی دارالحکومت صنعا کے جنوبی علاقے حدا میں احمد غالب کی رہائش گاہ پر کیا گیا، جس میں ان کے 3قریبی ساتھی بھی مارے گئے۔
احمد غالب کو انصاراللہ نے 10 اگست 2024 کو وزیراعظم مقرر کیا تھا۔ وہ سپریم سیاسی کونسل کے بھی اہم رکن تھے۔
دوسری جانب یمنی وزارت دفاع نے اسرائیلی حملوں میں اعلیٰ قیادت کے نشانہ بننے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی نسل کشی اور فلسطینیوں کو فاقہ کشی سے مارنے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یمن میں انصاراللہ کے متعدد رہنماؤں اور اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ 4 روز قبل بھی کیے گئے فضائی حملوں میں 10 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔