لوئر مال (عثمان علیم) محرم الحرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی تیاریاں مکمل، محکمہ صحت ریسکیو اور سول ڈیفنس کے عملے کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، تین عارضی ہسپتال قائم کردیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور نے یوم عاشور کے موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دیدی، نثار حویلی سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہونے والے مرکزی جلوس کے انتظامات بھی مکمل روٹ پر تین عارضی ہسپتال قائم کر دیئے گئے ہیں، العمران، الخمینی میں عارضی ہسپتال قائم ہے، جبکہ سنٹرل ماڈل ہائی سکول میں 10 بیڈز پر مشتمل ایک عارضی ہسپتال بنایا گیا ہے جبکہ ناگہانی صورت سے نمٹنے کے لئے میو ہسپتال اور دیگر ہسپتال کی ایمرجنسی میں عملہ الرٹ رہے گا، یوم عاشور پر سول ڈیفنس کے 200 ملازمین سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ڈیوٹی سر انجام دیں گے، بم ڈسپوزل سکواڈ بھی جلوس کے روٹ پر سوئپنگ کرے گا۔
ریسکیو 1122 کی ڈیوٹی کا پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی 49 ایمبولینسز مرکزی جلوس کے روٹس پر موجود ہوں گی اور 300 موٹر بائیکس ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز، 02 اسنارکلز، 03 سپیشلائزڈ وہیکلز بھی موجود ہوں گی، 08 ریسکیو وہیکلز، 01 واٹر ریسکیو وین، 01 اربن سرچ اور ریسکیو ٹیم اور 01 ریکوری وہیکلز روٹ پر موجود رہے گی۔
محرم الحرام کے حوالے سے انتظامیہ تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ تمام الائیڈ محکموں کے ملازمین کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئیں ہیں۔
علاوہ ازیں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں،8 ہزار سے زائد افسران، جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں،ڈولفن سکواڈ، ریسپانس یونٹ کی معاونت حاصل ہے۔ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان کا کہنا ہے کہ امن کمیٹی ممبران، کمیونٹی لیڈرز سے رابطہ رکھیں، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز سکیورٹی کا جائزہ لیں۔