پاکستان کی جیت پر قذافی سٹیڈیم میں فینز خوشی سے جھوم اٹھے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں محمد عامر کے آخری اوور میں آخری  بیٹر کے رن آوٹ ہونے  تک قذافی سٹیڈیم میں فینز سخت اضطراب میں مبتلا رہے، جوش کلارکسن کے رن آؤٹ ہوتے ہی سماں بدل گیا اور فینز خوشی سے جھوم اٹھے،  گرین شرٹس کی جیت پر  خوشی سے تالیاں بجانے والوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی بھی شامل تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ٹی ٹوینٹی کے آخری چار اوور وں میں  قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے والے فینز اور گھروں پر ٹی وی سے میچ دیکھنے والے فینز سمیت سارا پاکستان اضطراب میں مبتلا رہا۔ آخری اوور تک یہ اضطراب بڑھتا رہا ۔جب 20 ویں اوور میں پہلی وائیڈ  گیند پر بین سئیرز محمد عامر کی گیند پر رن لینے کے دوران  عثمان خان کی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے  تب بھی   فینز میں اضطراب برقرار رہا کیونکہ  جوش کلارکسن وکٹ پر موجود تھے جنہوں نے گزشتہ اوور میں چھکا مارا تھا اور  وہ   25 گیندوں سے  36 رنز بنا چکے تھے۔ محمد عامر نے دوسری گیند پر کوئی رن نہ بننے دیا لیکن  سٹیڈیم میں ٹینشن برقرار رہی۔ اگلی گیند پر جوش کلارکسن  نے مڈ وکٹ پر سٹروک کھیل کر دو رنز بنانے کی کوشش کی لیکن دوسرا رن لیتے ہوئے باألر اینڈ کی طرف بھاگتے ہوئے ول او رورکے رن آؤٹ ہو گئے تو پاکستانی فینز کی جان میں جان آئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آخری ٹی ٹوینٹی میچ قذافی سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔ آخری اوور کی دوسری گیند پر نیوزی لینڈ کے آخری بیٹر کے آؤٹ ہونے پر تمام پاکستانی فینز کی طرح محسن نقوی نے بھی سکھ کا سانس لیا اور بھرپور خوشی کے ساتھ تالیاں بجا کر اپنی ٹیم کو داد دی۔ 

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا ، سابق نگران صوبائی وزیر عامر میر اور سینئر صحافی نسیم زہرا نے بھی ٹیم کی کامیابی پر کھڑے ہو کر قومی ٹیم کو داد دی۔

اس میچ میں ہارنے سے پاکستان نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوینٹی سیریز ہار جاتا اور پاکستان کے نیوزی لینڈ ٹور کے دوران ہاری ہوئی ٹی ٹوینٹی سیریز کا زخم ہرا ہو جاتا۔