ثمرہ فاطمہ:شہر میں آج بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر میں 30 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے، جس کے باعث حبس کا احساس برقرار رہ سکتا ہے۔
ادھر شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو موسم کو نسبتاً معتدل بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو بدلتے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، مِشتی میلہ میں کلاؤڈ برسٹ کی اطاعات موصول ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اورکزئی میں طوفانی بارشوں کے بعد مشتی میلہ کے مقام پر سیلابی ریلوں سے درجنوں دکانیں اور مکانات بہہ گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر عمر مختار کے مطابق مِشتی میلہ میں کلاؤڈ برسٹ کی بھی اطلاع ملی ہے۔سیلابی ریلے درجنوں دکانیں، مارکیٹیں اور متعدد مکانات بہا لے گئے۔
راستے میں آنے والی متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بہہ گئیں تاہم فوری طور پر اس تباہی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔