سٹی42: خیبر پختنوخوا کے وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کے دعوے کو جھٹلا دیا اور پی ٹی آئی جو چھپا رہی تھی اسے سچ مان لیا۔
نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی کل پشاور کے کور کمانڈر سے انتہائی سرسری نوعیت کی ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کی خبریں میڈیا میں شائع ہوئیں اور سوشل میڈیا میں ڈسکس ہوئیں تو پی ٹی آئی نے اپنی پرانی روش کے مطابق اس ملاقات کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا اور سختی سے تردید کی کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کور کمانڈر سے کوئی ملاقات نہیں کی۔
سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر کیمروں کے سامنے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں تسلیم کیا کہ کل ان کی کور کمانڈر سے ملاقات ہوئی تھی، انہوں نے کہا،"صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں، کور کمانڈر مبارکباد دینے آئے تھے. میرے آفس میں سب آئیں گے تو کور کمانڈر بھی آئیں گے."