ویب ڈیسک: رواں سال کا سب سے طاقتور طوفان ملیسا کیریبین جزائر پر اثرانداز ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث ہیٹی کے جنوبی علاقوں میں پروازیں معطل اور سکول بند کر دیے گئے ہیں
کیٹیگری 5 کے طوفان کے باعث ہیٹی میں جاری طوفانی بارشوں سے اب تک 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ ہیٹی کے جنوبی علاقوں میں پروازیں معطل اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ 3 ہزار سے زائد افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق ملیسا کی ہواؤں کی رفتار 280 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور طوفان آج جمیکا سے ٹکرانے کا امکان رکھتا ہے، جس کے بعد یہ مشرقی کیوبا اور بہاماس تک پہنچ سکتا ہے۔
طوفان کے پیش نظر جمیکا کے حکام نے عوام کو اونچے مقامات اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے، جبکہ جمیکا کے وزیراعظم نے طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔