ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارشیں اوربرفباری ، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی

بارشیں اوربرفباری ، محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور چند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں آلودگی نے مستقل ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ شہر دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ صوبائی دارالحکومت کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 370 ریکارڈ کیا گیا ہے جو خطرناک سطح قرار دیا جا رہا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ کینٹ میں اے کیو آئی لیول 654، ساندہ میں 591، مراتب علی روڈ پر 531، اقبال ٹاؤن میں 513 جبکہ عسکری 10 اور اس کے اطراف میں اے کیو آئی 503 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرینِ ماحولیات کے مطابق لاہور کی فضا میں مضر صحت ذرات کی مقدار خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جو شہریوں کے لیے سانس، آنکھوں اور دل کے امراض سمیت مختلف طبی مسائل کا باعث بن رہی ہے۔ شہریوں کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہر کراچی کا فضائی معیار بھی مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔ شہر پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر آ گیا ہے۔ ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 165 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے، ماسک کے استعمال اور غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں قیام سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ دن کے وقت کراچی میں موسم گرم جبکہ رات کے وقت خنکی میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے، اور ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں یہ فرق فضائی آلودگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم نے انگڑائی لے لی ہے۔ شہر اقتدار میں صبح و شام کے اوقات میں خنکی بڑھ گئی ہے جبکہ گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔ موسم کی تبدیلی کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور چند مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت مشرقی پنجاب کے اضلاع میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم کے چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ سندھ کے جنوبی ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع بدستور سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد اور پنجاب کے مشرقی اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔