افشاں رضوان: کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی بکرا چور گروپ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کرکے حراست میں لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں میں ریکی کرتے اور موقع ملتے ہی بکرے چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان نے سنٹر پارک اور الحرم گارڈن کے علاقوں سے بکرے چوری کیے تھے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس ایچ او کاہنہ کو خصوصی ٹاسک سونپا تھا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ناصر اور مہدی کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان چوری شدہ بکرے مویشی منڈی میں کم قیمت پر فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 2 بکرے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔