راو دلشاد: عیدالاضحیٰ کے پہلے روز پنجاب حکومت نے صفائی اور سکیورٹی آپریشن میں عوامی خدمت کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 103 فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا۔
ستھرا پنجاب پروگرام اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اشتراک سے صوبہ بھر میں صفائی اور سکیورٹی آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دن بھر جاری آپریشن کی خود ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی۔
صوبے کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز شدید گرمی کے باوجود فیلڈ میں موجود رہے جبکہ سیف سٹی کیمروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے عید اجتماعات، قربان گاہوں اور گنجان آباد علاقوں کی مسلسل نگرانی کی گئی۔
حکام کے مطابق چاند رات سے ہی مساجد، عید گاہوں اور مرکزی شاہراہوں کی خصوصی صفائی کی گئی جبکہ عبادت گاہوں کو عرقِ گلاب سے معطر بھی کیا گیا۔
سیف سٹی ڈرون کیمروں کی مدد سے تنگ گلیوں اور بازاروں میں آلائشوں کی فوری نشاندہی کی گئی اور صفائی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آلائشیں کولیکشن پوائنٹس تک منتقل کیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے روز ایک لاکھ 20 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ کولیکشن کی گئی جبکہ ستھرا پنجاب ٹیموں نے 18 لاکھ 81 ہزار کلومیٹر سے زائد ایریا کور کیا۔
صوبہ بھر میں ایک ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو دھو کر صاف کیا گیا جبکہ 1200 سے زائد قربان گاہوں پر کلین اپ آپریشن مکمل کیا گیا۔
شہریوں نے کامیاب صفائی اور سکیورٹی انتظامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔