(ویب ڈیسک )مغربی افریقی ملک گھانا نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جولائی سے بڑی کان کنی کمپنیوں سے ان کی 30 فیصد سونے کی پیداوار خریدے گا تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط کیے جا سکیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے یہ معاہدہ بڑے پیمانے پر مائننگ کمپنیوں کے ساتھ کیا ہے، جس کے تحت وہ اپنی پیداوار کا ایک حصہ ریاستی ادارے کو فروخت کریں گی۔
گھانا جو افریقہ کا سب سے بڑا سونے کا پیدا کنندہ ملک ہے، پہلے ہی 2022 میں ایک خریداری پروگرام شروع کر چکا ہے، جس میں ابتدائی طور پر 20 فیصد سونا حاصل کیا جا رہا تھا۔
نئے فیصلے کے مطابق بڑی مائننگ کمپنیاں اپنی پیداوار کا 30 فیصد حکومت کو دیں گی،سونا مقامی کرنسی سیڈی (cedi) میں خریدا جائے گا،اس پروگرام کا مقصد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانا ہے
رپورٹ کے مطابق حکومت نے یہ منصوبہ اس لیے بھی تیز کیا ہے تاکہ 2028 تک سونے کے ذخائر کو بڑھا کر 157 ٹن تک لے جایا جا سکے، جو تقریباً 15 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کے باعث مرکزی بینک زیادہ سے زیادہ سونا ذخیرہ کر رہے ہیں۔