(ویب ڈیسک)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں 18جولائی سےیکم اگست تک دینے کی تجویز دے دی تاہم اس حوالے سے فیصلہ کل اجلاس میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے معاملے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 18جولائی سےیکم اگست تک گرمیوں کی چھٹیاں دینے کی تجویز دے دی جبکہ وزیرتعلیم پنجاب اس بات سے متفق نہیں پنجاب حکومت کا مؤقف ہےکہ موسم گرما کی تعطیلات ایک ماہ کے لئے یعنی 2 جولائی سے 2 اگست تک دی جائیں ۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے اب بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں فیصلہ کیا جائے گا جو جلد طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں لاہور چیمبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن نے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں نہ دینے کی تجویز پیش کی تھی۔
چیئرمین سٹیڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن میاں رضا الرحمن کے مطابق اس سال بچوں کو گرمیوں کی چھٹیاں نہیں دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو دوبارہ تعلیم سے دور کیا گیا تو یہ بچوں کے لیے بڑا نقصان ثابت ہوگا، سکول کے اوقات کار صبح 6 بجے سے 10 بجے تک کر دیے جائیں ۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ سنگل نیشنل کریکولم پر سرونگ سکولز کے تحفظات ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، پی سی ٹی بی کی جاری کردہ کتب کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پبلشرز کو 30 جون تک این او سی جاری نہ کیے گئے تو بچوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا، نیشنل کریکولم کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے۔