’’اپوزیشن الٹا لٹک جائے پھر بھی بجٹ پاس ہو کر رہے گا‘‘

’’اپوزیشن الٹا لٹک جائے پھر بھی بجٹ پاس ہو کر رہے گا‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کرپشن کی اے بی سی اور احتساب سے بچنے کی اے پی سی منعقد کرنے میں ماہر ہے۔

اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پچھلے پونے دو سال میں متحدہ اپوزیشن بیسیوں اے پی سی منعقد کر چکی ہے۔ اپوزیشن کی اے پی سی کا حاصل وصول جگ ہنسائی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں وزیراعظم عمران خان اور پنجاب میں سردار عثمان بزدار  کی قیادت میں حکومتی ارکان اور اتحادی متحد و متفق ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن الٹا لٹک جائے پھر بھی وفاق اور پنجاب میں بجٹ پاس ہو کر رہے گا۔ پنجاب کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی بار بزنس فرینڈلی اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنمااپنی کرپشن، اقربا پروری اور لوٹ مار کی سیاست بچانے  کیلئے اے پی سی کا ڈرامہ رچاتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ  اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور بجٹ کو ظالمانہ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا،آئندہ ہفتے اے پی سی بلانے پراتفاق ہواہے، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے شہبازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جب کہ لیگی صدر نے مزاج پرسی اور نیک تمناؤں پر بلاول کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملک کو درپیش صورتحال پر آئندہ ہفتے کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر مشاورت کی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بلاول سے سابق صدر آصف زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان سے والد کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔

Shazia Bashir

Content Writer