سٹی42: ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقہ جات، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں سرد ہواؤں، دھند اور جزوی ابر آلود موسم کی کیفیت برقرار رہے گی۔
لاہور میں موسم سرد رہا، شہر کا درجہ حرارت 8 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 73 سے 100 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں آلودگی کی سطح میں کمی دیکھی گئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس 151 ریکارڈ ہونے کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 17ویں نمبر پر آ گیا۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ بعض علاقوں میں دو کلومیٹر تک محدود رہی۔
کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا، مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ درجہ حرارت 11 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر جنوری کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد اور شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ فضائی آلودگی کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 163 ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور خشک رہا، کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 16 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں۔
دوسری جانب مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ کاغان، ناران اور شوگران میں درجہ حرارت منفی 22 سے منفی 24 ڈگری تک گر گیا جبکہ مانسہرہ شہر میں پارہ منفی ایک ڈگری تک ریکارڈ ہوا۔ شاہرہ کاغان اور شوگران روڈ کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے، تاہم کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی برقرار ہے۔ برفباری کے باعث متعدد دیہاتوں کی رابطہ سڑکیں بند اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
ادھر شمالی علاقہ جات اور بلوچستان میں برفباری اور بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ گلیات، نتھیا گلی اور مری میں دوبارہ برفباری کے باعث سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ وادی لیپہ جانے والی شاہراہ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔ کوئٹہ، قلات، مستونگ، پشین، چمن اور کوژک ٹاپ میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی لیپہ میں شدید برفباری کے دوران پیدل سفر کرنے والے پانچ افراد لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے مقامی افراد اور پاک فوج کے لیپہ گارڈز ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ اہلِ علاقہ نے بروقت کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔