سبحان اللہ خان: سوات میں ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کیلئے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں خصوصاً بچیوں کے اسکولوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آنے کے بعد سوات بھر کے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو اضافی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کے تحفظ کیلئے رابطہ نظام کو فعال رکھنے اور سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔