سٹی 42: ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون ہواؤں اور مغربی سلسلے کے داخلے کے باعث 31 اگست سے 5 ستمبر تک مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت بعض شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کشمیر میں 28 اگست کی شام یا رات سے 6 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر کے دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے گلگت بلتستان میں 30 اگست سے 6 ستمبر کے دوران دیامیر، استور، سکردو اور گلگت میں بارش کا امکان ہے دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
31 اگست سے 5 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے سیاحوں اور مسافروں کو دوران سفر احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔