سٹی 42 : سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے حکم نامہ جاری کردیا، جس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کا کہنا ہےکہ نوجوان تفریح اور تصاویر بنانے کے لیے دریاؤں اور بیراجوں پر جا رہے تھے، جو جان کے لیے خطرہ ہے۔ پل، نہروں، دریاؤں اور بیراجوں پر عوامی اجتماع اور آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کا نفاذ 30 دن تک رہے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ سندھنائی بیراج پر بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا۔