سٹی42:محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 29 اگست تا 2 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
شہر لاہور کا موسم اس وقت مرطوب اور خشک ہے، بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور رواں ہفتے کے اختتام پر بارش کا 50 فیصد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشیں ہوئیں تو یہ موجودہ سیلابی صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔ریلیف حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
شہر قائد میں آج جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب موسم کی کیفیت برقرار ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس میں شدید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان موجود ہے تاہم زیادہ تر علاقوں میں مرطوب موسم ہی غالب رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان جبکہ کم سے کم درجہ حرارت: 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہے گا۔
شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں مگر نمی کی زیادتی کے باعث موسم گرم اور بے حد مرطوب محسوس ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیادہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال بڑھائیں تاکہ حبس اور گرمی سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر کشمیر کے مختلف علاقوں میں اور 30 تا 2 ستمبر گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اعلامیے کے مطابق 29 اگست تا یکم ستمبر خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ڈی آئی خان میں بارشیں متوقع ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔
موسلادھار بارشوں سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ اسلام آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں جبکہ 30 سے 31 اگست کے دوران سندھ میں مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے، جن میں مٹھی، تھر پارکر، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور عمر کوٹ شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق 30 اگست سے 1 ستمبر کے دوران بلوچستان کے مختلف حصوں بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات، خصدار میں بارشیں متوقع ہیں۔