سٹی42: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نئے متحدہ تعلیمی کیلنڈر کے مطابق رواں سال سکولوں کو 8 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک چار ہفتے کی موسمِ سرما کی چھٹیاں دی جائیں گی تاہم یہ فیصلہ بیشتر سکولوں کے3 ہفتے کی چھٹی کے معمول سے مختلف ہے۔
امارات کے میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دبئی میں برطانوی نصاب کے تحت چلنے والے "پرِسٹین پرائیویٹ سکول" کی پرنسپل شگوفہKidwai کا کہنا ہے کہ “یہ نیا فیصلہ طلبہ کے لیے خوش آئند ہے کیونکہ انہیں نصابی سرگرمیوں سے ہٹ کر خود کو تازہ دم کرنے کا موقع ملے گا،انہوں نے مزید کہا کہ بڑے طلبہ کو اس دوران خود مطالعہ اور اسائنمنٹس مکمل کرنے کا وقت بھی ملے گا۔
4 ہفتے کی چھٹی کس کو نہیں ملے گی
دبئی کے پاکستانی نصاب پر عمل کرنے والے سکول بھی3 ہفتے کی پرانی موسمِ سرما کی چھٹی جاری رکھیں گے،پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی" کی پرنسپل شمیلہ احمد نے کہا ”ہم وزارتِ تعلیم کی ہدایات کے مطابق اپنے موجودہ تعلیمی کیلنڈر پر عمل کریں گے کیونکہ نیا متحدہ کیلنڈر صرف MoE یا دیگر بین الاقوامی نصاب کے سکولوں پر لاگو ہوتا ہے۔“
دبئی میں انڈین نصاب پر عمل کرنے والے سکولوں کو چار ہفتے کی چھٹی نہیں ملے گی۔
سپرنگ ڈیلز سکول کے منیجنگ ڈائریکٹر زبیر احمد نے واضح کیا ہم سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (CBSE) کے تحت پرانے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق ہی کام جاری رکھیں گے اور ہماری چھٹیاں 3 ہفتے کی ہی ہوں گی،اسی طرح "کریڈینس ہائی سکول" کی سی ای او دیپیکا تھاپر سنگھ نے بھی تصدیق کی کہ ان کے سکول کا تعلیمی سال اپریل سے شروع ہوتا ہے اور چھٹیوں کے دوران تعلیمی ہدف متاثر نہیں ہوگا۔
شمالی امارات میں مختلف صورتحال ؛
شمالی امارات کے بھارتی نصاب والے سکول4ہفتے کی چھٹی پر عمل کریں گے، "کوسموپولیٹن انٹرنیشنل انڈین سکول، عجمان" کے پرنسپل محمد علی کوٹکلّم کا کہنا تھا ہمارے سکول کو وزارتِ تعلیم کی طرف سے جاری کردہ متحدہ کیلنڈر کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے اور اس سے تعلیمی معیار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔
موسمِ سرما میں اضافی کلاسز؛
کریڈینس ہائی سکول" میں بورڈ امتحانات کی تیاری کرنے والے گریڈ 10 اور 12 کے طلبہ کے لیے چھٹیوں کے پہلے ہفتے میں اضافی کلاسز رکھی گئی ہیں۔
کوسموپولیٹن سکول میں چونکہ اس سال کوئی بورڈ کلاس نہیں ہے، اس لیے وہاں خاص کلاسز نہیں رکھی گئیں، البتہ موسمِ سرما کی چھٹیوں میں تخلیقی سرگرمیاں جیسے کہ تیراکی، میوزک، روبوٹکس، اور بین الاقوامی اسٹڈی ٹورز کا اہتمام کیا گیا ہے۔