عابد چوہدری: سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران تین مختلف مقابلوں میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تازہ واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا، جہاں سی سی ڈی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران تین موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں کراس فائرنگ ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے نتیجے میں دو ملزمان ہلاک ہوئے جن کی شناخت بشیر اوڈھ اور عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کا تعلق بوریوالہ سے بتایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ایک اور ملزم فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چوہنگ اور اقبال ٹاؤن میں بھی اسی نوعیت کے مبینہ مقابلے رپورٹ ہوئے تھے، جس سے مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔