فریحہ بتول:لاہور میں چیئرمین بورڈ سرمایہ کاری و تجارت کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات ہوئی جہاں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد منتہا اشرف، چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی ٹیکنالوجی کے ذریعے صنعتی اور کاروباری شعبے کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کی بحالی اور ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
فریقین نے چینی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں اضافے کے لیے تعاون مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر محمد منتہا اشرف کا کہنا تھا کہ "ترقی پاتا پنجاب" مشن پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً چینی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع جلد سامنے آئیں گے، جبکہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔