جنید ریاض:پنجاب میں سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے تیسرے مرحلے میں ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس منصوبے کے تحت 2 ہزار 7 سو مزید سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ پہلے دو مراحل میں تقریباً 10 ہزار سکول پہلے ہی نجی انتظام میں دیے جا چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تمام امیدواروں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ کامیاب امیدواروں کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سکولوں کا انتظام حوالے کیا جائے گا۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس مرحلے میں اب تک کی سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو اس پروگرام میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔