ویب ڈیسک:جنوبی افریقہ کے 2 بڑے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 15 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں واقع وادیلا ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جہاں ایک بار میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس فائرنگ میں 15 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دوسرا واقعہ کیپ ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بار میں اے کے-47 سے فائرنگ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ تفریح میں مصروف ہیں، ڈرنک لے رہے ہیں اور ناچ گا رہے ہیں۔ اسی دوران اچانک تابڑ توڑ گولیوں کی آواز گونجتی ہے اور پھر زمین پر کئی لاشیں بچھ جاتی ہیں۔
South African police have launched a manhunt after at least 27 people were killed in two separate mass shootings in Wedela township, southwest of Johannesburg, and in Cape Townhttps://t.co/r0qGJS3BZH pic.twitter.com/ntNK4mXuwm
— TRT Afrika (@trtafrika) September 27, 2026
مقامی پولیس نے بتایا کہ وادیلا ٹاؤن میں ہفتہ کی رات تقریباً 9:30 بجے یہ واقعہ پیش آیا، جب اے کے-47 اور ہینڈ گن سے لیس کم از کم 8 مشتبہ افراد نے وادیلا ٹاؤن میں ایک بار کے باہر موجود لوگوں پر گولیاں چلائیں اور پھر اندر گھس کر بھی فائرنگ کی۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے مہم شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 1 بجے کیپ ٹاؤن شہر کے قریب لوانڈلے میں ایک اسٹور پر اجتماعی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے میں 11 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے یہ دونوں واقعات مشرقی ساحل پر واقع شہر ڈربن کے قریب ایک ہاؤس پارٹی میں فائرنگ کے چند ہی دن بعد پیش آئے ہیں، جس میں ایک حاملہ خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے ان تازہ 2 واقعات میں اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔