عابد چودھری:سٹی ٹریفک پولیس نے آج اور کل شہر بھر میں کم عمر ڈرائیونگ، بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ اور ون وے کی خلاف ورزی کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے چالان کے ساتھ ان کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کی جائے گی، تاہم کم عمر ڈرائیور کا موٹرسائیکل جووینائل پرمٹ دکھانے پر چھوڑ دیا جائے گا۔
ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر پہلے مرحلے میں چالان جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے روز بچے گھر سے موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، اس لیے محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او کے مطابق لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ اور گاڑی بند کی جائے گی۔
لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ ہوگا، جہاں موٹرسائیکل سواروں کو لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔