شاہد سپرا: وزارت مذہبی امور پاکستان نے پاک حج ایپ پر عازمین حج کی سہولت کیلئے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت عازمین گھر بیٹھے حج پیکیج، دورانیہ اور رہائش میں ترمیم کرسکیں گے۔
نئے فیچرز کے تحت عازمین ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کا انتخاب گھر بیٹھے کرسکیں گے، جبکہ لانگ حج پیکیج کو شارٹ اور شارٹ حج پیکیج کو لانگ میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کراسکتے ہیں۔
تصدیق شدہ فٹنس سرٹیفکیٹ پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ سمندر پار پاکستانی بھی اپنے نزدیکی ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹہ کے تحت محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور رقم واپس لینے کا فیچر بھی متعارف کرا دیا گیا ہے وزارت کے مطابق حج انتظامات سے متعلق متعدد سہولیات اب عازمین کو گھر بیٹھے دستیاب ہوں گی۔