ویب ڈیسک:برازیل کی حکومت نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے ڈیزل پر دی جانے والی سبسڈی میں مزید 30 دن کی توسیع کردی ہے، جس کے باعث صارفین کو صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے تک ریلیف ملتا رہے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے تحت ڈیزل پر فی لیٹر 2.12 برازیلی ریئس کی سبسڈی برقرار رکھی گئی ہے۔ یہ سبسڈی ہفتے کے روز ختم ہونے والی تھی، تاہم حکومت نے اسے مزید کم از کم 30 دن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سبسڈی کی موجودہ فی لیٹر رقم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب برازیل میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 4 اکتوبر کو ووٹنگ ہونا ہے۔
برازیلی حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو محدود رکھنے کے لیے عارضی سبسڈی کا سلسلہ 30 مئی سے شروع کیا تھا، جس میں اب مزید ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کم کرنا اور صارفین کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔