رائو دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بڑے سرکاری ٹرشری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد 21 فیصد اور آئی پی ڈی میں داخلوں کی تعداد 11 فیصد بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 57 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انٹرنل میڈیسن کے مریضوں میں سب سے زیادہ 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق کارڈیالوجی کے مریضوں میں 12 فیصد جبکہ سرجری کے مریضوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح سرکاری ہسپتالوں میں بچوں اور امراضِ جلد کے مریضوں کی تعداد میں بھی 9، 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ای این ٹی کے مریضوں کی تعداد 7 فیصد بڑھ گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں سے کینسر اور کارڈیک میڈیسن کے 21 لاکھ سے زائد پارسل بھی مریضوں تک پہنچائے جا چکے ہیں۔
اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی آمد، علاج معالجے اور صحت کی سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔