سٹی 42 : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں پر ایک جیسا دباؤہوگا، ہماری توجہ صرف اپنی پرفارمنس پر ہے، ایشیا کپ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔
ان خیالات کا اظہار کپتان سلمان علی آغا نے دبئی میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران کیا، کہا کہ پاک بھارت میچ میں جو کم غلطیاں کرتا ہے جیتتا ہے، پچھلے دو میچز میں بھارت نے ہم سے کم غلطیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ذاتی پرفارمنس اس طرح کی نہیں جیسی ہونی چاہیے تھی، مجھے اندازہ ہے میں اس معیار کا بیٹنگ پرفارمنس نہیں دے رہا، اس پر میں کام کر رہا ہوں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ کوئی گراؤنڈ میں اگریسیو ہونا چاہتا ہے تو اس کا انفرادی فعل ہے، ہم فاسٹ باؤلرز سے ان کا اگریشن نہیں چھین سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈ شیک کی بات ہے، میں نے آج تک ایسا نہیں دیکھا ہینڈ شیک نہیں ہوا،پہلے بھی انڈیا پاکستان کے میچز اس سے زیادہ خراب حالات میں ہوئے کبھی ہینڈ شیک والا مسلہ نہیں ہوا، پاکستان اور بھارت کے لیے ہینڈ شیک نہیں ہونا کرکٹ کے لیے اچھی بات نہیں ۔
کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اگر ہم نےزیادہ غلطیاں کی ہیں تو ہم ہارے ہیں، جوکم غلطیاں کرتا ہے وہی جیتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں اسٹریک ریٹ کی اہمیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ایشیا کپ جیتنا ہے۔ ٹیم کو پیغام یہی دیا ہے، جو بھی باہر ہو رہا ہے اس سے فرق نہیں پڑنا چاہیے ۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم سب کو اندازہ ہے ہم نے بیٹنگ اچھی نہیں کی، ہوسکتا ہے ہمارا سب سے بیسٹ اس میچ کیلئے بچا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں گے اور میچ کے 40 اوور تک اپنے پلان پر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل ٹرافی شوٹ پر بھارتی کپتان آئے نہ آئے اس کی مرضی، ہم گیم کے پروٹوکول کو فالو کریں گے ۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ صائم ایوب ہر میچ میں اپنا کنٹری بیوٹ کر رہے ہیں، امید ہے وہ فائنل میں بیٹنگ اچھی کرینگے۔