ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

میں سیلاب سے ہی نہیں نمٹ رہی، ترقیاتی کام بھی کرارہی ہوں؛ وزیراعلیٰ مریم نواز

میں سیلاب سے ہی نہیں نمٹ رہی، ترقیاتی کام بھی کرارہی ہوں؛ وزیراعلیٰ مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ کے بہترین دوست ہیں۔ میں سیلاب سے ہی نہیں نمٹ رہی، ترقیاتی کام بھی کرارہی ہوں۔ سردیاں سر پر ہیں، متاثرین کیلئے ابھی سے ہی انتظام کر رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کا ایک ایک پائی کا نقصان پورا کریں گے۔ 

وزیراعلی پنجاب سیلاب بحالی پروگرام کا آغاز کردیاگیا ۔ اس حوالے سے لاہور میں ہونے والی تقریب سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے خطاب کیا۔ دورانِ تقریب وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کے رضا کاروں سے حلف لیا۔ مریم نواز نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ کے بہترین دوست ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں رضاکاروں کی امدادی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت بطوروزیراعلیٰ میری ذمہ داری ہے۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بدترین سیلاب سے 25 شہر شدید متاثر ہوئے۔ ستلج، راوی اور چناب میں شدید سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی۔  صوبائی وزرا، پوری انتظامیہ نےمتاثرین کیلئے دن رات کام کیا، پنجاب 25 لاکھ لوگوں کو سیلاب سے پہلے انخلا کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں ایسا ہولناک سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا، بروقت اقدامات سے اتنے بڑے سیلاب میں وبائی امراض نہیں پھیلے، متاثرین کو عزت کے ساتھ 3وقت کا کھانا دیا گیا، متاثرہ علاقوں میں 20 لاکھ لٹرصاف پانی پہنچایا گیا۔ 

مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگ صرف پنجاب پر تنقید کر رہے تھے، تنقید کرنے والے بھی کچھ کام کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ اپنی ٹیم کے ساتھ فیلڈ میں ہے،  پنجاب وہ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس کے 25 لاکھ افراد کو ریسکیو کیا گیا ، پنجاب وہ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے تھرمل کیمروں ، اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی سے ریسکیو آپریشن مانیٹر کیا ، کبھی ایسے مناظر کسی دوسرے صوبے میں نہیں دیکھے ۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں کئی راتیں جاگی ہوں جہاں میری ضرورت تھی میں گئی ہوں ، میں بتانا چاہتی تھی کہ ان کی وزیراعلی ان کے ساتھ میدان میں کھڑی ہے، دفتر میں بیٹھ کر تصویر بنوانا آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والو!لگے رہو، پنجاب میں کام ہورہا ہے اور صوبہ آگے بڑھ رہا ہے۔ کہتے ہیں ہم چپ کرکے کام کرتے ہیں ، چپ کرکے کام نہیں ہوتا بلکے آرام ہوتا ہے ، تنقید اکیلے پنجاب پر اس لیے ہورہی ہے کہ پنجاب میں کام ہورہا ہے ، میرا تنقید برداشت کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ کان بند کرکے مقصد پر نظر رکھو ۔ 

پنجاب کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آوازیں آرہی ہیں کہ کاش ہماری حکومت بھی پنجاب حکومت جیسی ہوتی ، دیگر صوبوں سے آنے والے کہتے ہیں پنجاب تو پاکستان کا حصہ ہی نہیں لگتا۔ انہوں نے کہا کہ میں سیلاب سے ہی نہیں نمٹ رہی، ترقیاتی کام بھی کرارہی ہوں ۔ پنجاب میں کوئی جادو نہیں ہے بلکے یہاں زیادہ عرصہ مسلم لیگ ن کی حکومت رہی ہے۔ سندھ سے آواز آئی کہ وزیراعلی پنجاب قابل ہے ،سیلاب سے نمٹ رہی ہے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کے باوجود ہم نے ترقیاتی کام نہیں روکے۔ سیلاب میں ٹوٹنے والی سڑکوں کی جلد مرمت کرکے کھولنے کی کوشش ہے۔ جو کام ہوتا ہے وہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیاں سر پر ہیں، متاثرین کیلئے ابھی سے ہی انتظام کر رہے ہیں۔ ہرمتاثرہ شخص تک حق پہنچائے بغیرآرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ جس کا مکان بہہ گیا ہے اسے10 لاکھ روپیہ دیں گے، بارہ ایکڑ تک متاثرہ کاشتکاروں کو 20ہزار روپیہ فی ایکڑ ملے گا، سیلاب میں مویشیوں کے نقصان کا پورا زالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا ایک ایک پائی کا نقصان پورا کریں گے۔  پنجاب کے عوام کو سنبھالوں گی ، نقصانات کا سروے اس کا پہلا قدم ہے ۔