شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت

شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت آج صبح 10 بجے ہوگی، دو رکنی بنچ  صرف شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت کی ریگولر کیس کی حیثیت سے سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ کیس کی سماعت کرے گا، عدالت میں نیب کے تفتیشی افسران اور نیب پراسیکیوٹرز بھی پیش ہوں گے، میاں محمد شہباز شریف کی پیشی کے باعث ہائیکورٹ کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

عبوری درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے قبل اس کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، سپریم کورٹ نے آشیانہ اقبال کے ملزم منیر ضیاء کی عبوری ضمانت منظور کی، احتساب عدالت میں ریفرنس جمع ہوچکا ہے، ٹرائل کورٹ نے ملزموں کونقول تقسیم بھی کر رکھی ہیں، ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے آبزرویشن دی ہیں کہ احتساب کے ادارے غیر جانبدارانہ کام نہیں کر رہا۔

درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری نکال کر چھپا لیے گئے اور طلبی کا نوٹس بھجوا دیا گیا، شہباز شریف کی گرفتاری سے انکی پارٹی کو نقصان ہو گا، شہباز شریف کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، نیب نے بد نیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا ہے، نیب کے پاس زیر التواء انکوائری میں گرفتار کیے جانےکا خدشہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer