( ویب ڈیسک )امریکی بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر اور ایک لڑاکا طیارہ دو الگ الگ واقعات میں جنوبی بحیرہ چین میں تباہ ہو گئے ہیں۔
بحریہ کے پیسیفک فلیٹ کے مطابق عملے کے تمام 5 ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ دونوں حادثات کے درمیان صرف آدھے گھنٹے کا وقفہ تھا۔
پہلا واقعہ دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا جب ایک ایم ایچ-60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر، جو “بیٹل کیٹس” اسکواڈرن 73 سے منسلک تھا، معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
سکواڈرن کا مرکز نیول ایئر اسٹیشن نارتھ آئی لینڈ، سان ڈیاگو میں واقع ہے۔ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر عملے کے 3 ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔
دوسرا واقعہ 3 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا جب ایف/اے-18 ایف سپر ہارنیٹ لڑاکا طیارہ، جو “فائٹنگ ریڈ کاکس” اسکواڈرن 22 سے وابستہ تھا، سمندر میں جا گرا۔
طیارے کے دونوں پائلٹوں نے بروقت ایجیکشن کر کے جان بچا لی اور انہیں سمندر سے بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔ یہ اسکواڈرن نیول ایئر اسٹیشن لی مور، کیلیفورنیا میں قائم ہے۔
پیسیفک فلیٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں طیارے ایئرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس نیمٹز سے معمول کی پروازوں پر تھے۔ تمام متاثرہ اہلکار محفوظ اور مکمل ہوش و حواس میں ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع نے اس بارے میں تبصرہ بحریہ پر چھوڑ دیا ہے، جبکہ نیوی حکام کی جانب سے اتوار کی رات تک کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔
واقعات کے وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوب مشرقی ایشیا کے دورے پر ہیں۔ وہ اتوار کو ملائیشیا پہنچے، جہاں سے وہ جاپان اور جنوبی کوریا جائیں گے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ تباہ ہونے والے طیارے صدر ٹرمپ کے دورے سے متعلق کسی مشن میں مصروف تھے یا نہیں۔