لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، آئی جی پنجاب نے بڑا حکم دے دیا

آئی جی پنجاب کا بڑا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: آئی جی پنجاب کی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹوں کی بندش بارے حکومتی احکامات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ چوری چھپے کاروبارکرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی جائے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی احکامات پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جائیں۔ 

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ریستورانوں اور پارکوں کے حوالے سے کورونا ایس او پیز سے متعلق حکومتی ہدایات پرمن و عن عمل درآمد کروایا جائے۔ پولیس ٹیمیں دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ کورونا سے متعلقہ انسدادی اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ تھانوں، دفاتر اور فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران واہلکار دوران ڈیوٹی فیس ماسک کو یونیفارم کا لازمی حصہ سمجھیں۔ 

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ اہلکاروں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر سمیت دیگر احتیاطی سامان کی فراہمی میں کوئی تعطل نہ آنے پائے۔ سپروائزری افسران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد اور حکومتی احکامات کی پابندی کی مانیٹرنگ کیلئے سرپرائز وزٹس کریں۔ 

دوسری جانب کورونا کے بڑھتے کیسز کے حوالے کمشنر لاہور اور سی سی پی او نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کریک ڈاؤن کرے گی۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت فیصلے ہونگے۔