ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بیجنگ کی بلند ترین عمارت سے طیارہ ٹکرا گیا

بیجنگ کی بلند ترین عمارت سے طیارہ ٹکرا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :چین کے دارالحکومت بیجنگ کی بلند ترین عمارت ’سی آئی ٹی آئی سی ٹاور‘ سے ایک چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا، جس کے بعد پولیس نے علاقے کو سیل کر کے سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔

 مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شام 6 بجے کے قریب 108 منزلہ عمارت ’چائنا زون‘ میں ایک چھوٹے طیارے کے ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا۔

 عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹکرانے کے دوران دھماکے کی آواز انتہائی شدید سنائی دی گئی۔

  واقعے کے بعد عمارت کی بالائی منزلوں کے 2 شیشے کے پینلز کو نقصان پہنچا، جبکہ قریبی سڑک پر ایک بڑی شے کو نیلے ترپال سے ڈھانپا ہوا دیکھا گیا۔

 واقعے کے فوراً بعد درجنوں پولیس گاڑیاں اور فائر ٹرک موقع پر پہنچ گئے اور عمارت کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود افراد کو فوٹوگرافی اور ویڈیو بنانے سے سختی سے منع کیا اور پہلے سے موجود ویڈیوز کو ڈیلیٹ کرنے کا حکم دیا۔

 جب ایک پولیس افسر سے اس سکیورٹی کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کوئی واضح جواب دینے کے بجائے اسے حساس معاملہ قرار دیا۔

 اس واقعے کے بعد چینی سوشل میڈیا پر بھی معلومات کو تیزی سے ہٹایا جا رہا ہے۔

  چینی ایپ ’شیانو ہنگ شو‘ پر عمارت کا نام سرچ کرنے پر حالیہ پوسٹس غائب ہیں، جس سے معاملے کی حساسیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

 بیجنگ کے وسطی علاقے میں فضائی حدود انتہائی حساس اور سخت پابندیوں کے حامل ہیں، جس کے باعث یہ واقعہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے، تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا یا یہ کوئی دانستہ عمل تھا۔

 حکام کی جانب سے پائلٹ کی شناخت، جانی نقصان یا واقعے کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔