شہباز علی:پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان جنوبی کوریا کے خلاف سیریز مکمل ہونے کے بعد کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے حتمی انتخاب سے قبل کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور میچ تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان 30 جولائی سے 7 اگست تک چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس میں شارٹ لسٹ کیے گئے تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی جسمانی اور میچ فٹنس کا باریک بینی سے جائزہ لینے کی خواہش مند ہے تاکہ ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ترین اسکواڈ کا انتخاب کیا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق پرو لیگ کھیلنے والی ٹیم میں 3 سے 4 تبدیلیاں متوقع ہیں۔ فارورڈ حنان شاہد، عماد شکیل بٹ اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سفیان خان کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑی ولید اور ارشد لیاقت کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا کے خلاف سیریز کے اختتام کے فوراً بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔