ثمرہ فاطمہ:حکومت نے نوجوانوں کے لیے شرمپ ایکواکلچر انٹرن شپ پروگرام 2026-27 شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ ایکواکلچر اینڈ فشریز کے تحت ایک سالہ بامعاوضہ انٹرن شپ پروگرام کے لیے پنجاب بھر سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق پروگرام کے تحت 70 انٹرنز کا انتخاب کیا جائے گا، جنہیں ایک سال تک ہر ماہ ایک لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ایکواکلچر ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا اور عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔
انٹرن شپ کے دوران امیدواروں کو شرمپ اسٹیٹس میں فارم مینجمنٹ، ہیچری، مائیکرو بایولوجی، فیڈ مل، کیمسٹری، پروسیسنگ اور دیگر تکنیکی شعبوں میں تربیت اور کام کرنے کا موقع ملے گا۔
محکمہ ایکواکلچر اینڈ فشریز کے مطابق اہل امیدوار پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔