علی ساہی: فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کا ٹارگٹ، دہشت گردوں کو فنڈنگ اورمنی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے پنجاب پولیس اورایف آئی اے مشترکہ کارروائیاں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ سے متعلقہ جرائم کے سدباب کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کا سی پی او میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔آئی جی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے دئیے گئے ٹارگٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے پنجاب پولیس اورایف آئی اے مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔
دہشت گردوں کی معاونت کیلئے منی لانڈرنگ کرنے والے سماج دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔سرمایہ کی غیر قانونی حصول ومنتقلی اور جرائم پیشہ عناصر کے چھپائے گئے اثاثوں کا پتہ لگانے کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے گی۔اغواء برائے تاوان سمیت پیسوں کے حصول کیلئے ہونے والے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔
ڈی آئی جی کرائمز/انویسٹی گیشن اور اے آئی جی مانیٹرنگ منی لانڈرنگ کیسز میں ایف آئی اےکے ساتھ کلوز کوآرڈی نیشن رکھیں گے۔ مقدمات کی متوازی فنانشل انویسٹی گیشن کے حوالے سے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے قریبی رابطہ رکھیں گے۔ ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی ابوبکرخدابخش کا کہنا تھا کہ انفارمیشن شئیرنگ کے بعددونوں فورسز کی مشترکہ کارروائیاں منی لانڈرنگ میں ملوث مجرمان کے قلع قمع میں تیزی کا باعث بنیں گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ابو بکر خدا بخش، ڈائریکٹر ایف آئی اے 1-ڈاکٹر محمد رضوان، ڈائریکٹر ایف آئی اےII-اطہر وحید، ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر سید شاہد حسن، ڈپٹی ڈائریکٹروقاص سعید سمیت دیگرنے شرکت کی۔