ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شدید بارش اور برفباری، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند، معمولاتِ زندگی متاثر

شدید بارش اور برفباری، بالائی علاقوں میں سڑکیں بند، معمولاتِ زندگی متاثر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے نئے اسپیل نے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند، ٹریفک متاثر اور معمولاتِ زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔

 لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں سرد موسم برقرار ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 8، اسلام آباد میں 5 جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

مانسہرہ، وادی کاغان، ناران اور شوگران سمیت بالائی علاقوں میں رات سے برفباری جاری ہے، جس کے باعث شوگران روڈ سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مانسہرہ پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بغیر اسنو چین سفر نہ کرنے، فیول ٹینک فل رکھنے اور ضروری سامان ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ، کان مہیترزئی، لکپاس اور کوژک ٹاپ سمیت مختلف قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا عمل ہیوی مشینری کے ذریعے جاری ہے، جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ضلع خیبر، سوات اور دیگر علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ ریسکیو ادارے سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہیں۔آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، ہٹیاں بالا، وادی نیلم اور لیپہ میں بھی برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ 

گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں نانگا پربت اور بابوسر ٹاپ پر 10 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، جبکہ مری اور گلیات میں شدید برفباری کے باعث مری ایکسپریس وے بند کر دیا گیا ہے۔