ویب ڈیسک:ڈیجیٹل دنیا میں مواد تخلیق کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئےسنیپ چیٹ نے بھی اپنی ایوارڈ تقریب متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ۔
اسنیپ چیٹ کے مطابق پہلی “سنیپی ایوارڈز” تقریب 31 مارچ 2026 کو کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کی جائے گی جسکا مقصد پلیٹ فارم پر نمایاں مواد تخلیق کرنے والوں کی محنت، تخلیقی اثر اور خدمات کا باضابطہ اعتراف کرنا ہے۔
تقریب کی میزبانی معروف مزاح نگار اور ڈیجیٹل تخلیق کار میٹ فرینڈ کریں گے۔
تقریب کے دوران مختلف زمروں میں اعزازات پیش کیے جائیں گے، جن میں بہترین پرفارمر، بہترین کہانی سنانے والا، سال کا ابھرتا ہوا تخلیق کار اور دیگر نمایاں شعبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ثقافتی اثرات اور مخصوص موضوعات پر معیاری تخلیق کو بھی سراہا جائے گا۔
اس اقدام کو تخلیق کار برادری کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور وسیع تر سامعین تک پہنچانے کا موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ٹک ٹاک نے بھی اپنے پہلے کریئیٹرز ایوارڈ شو کا انعقاد کیا تھا، جس میں اعلیٰ معیار کے مواد تیار کرنے والوں کو مختلف کیٹیگریز میں اعزازات سے نوازا گیا تھا۔