ملک اشرف: لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل 28 فروری کو ہوں گے، جن کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت منعقد ہوں گے اور اس مقصد کیلئے 125 بائیو میٹرک سسٹم انسٹال کر دیے گئے ہیں جبکہ پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن بورڈ کے مطابق 32 ہزار 488 وکلاء ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ پولنگ کیلئے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم، کراچی شہداء ہال سمیت 8 بوتھ قائم کیے گئے ہیں جبکہ جناح لاؤنج، اقبال لاؤنج اور لیٹیگنٹ سنٹرز میں بھی پولنگ ہوگی۔
خواتین وکلاء کیلئے کیانی ہال اور علیحدہ سٹڈی روم میں خصوصی بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ الیکشن بورڈ نے وکلاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ بوتھ پر ہی ووٹ کاسٹ کریں۔
تفصیلات کے مطابق بوتھ نمبر 1 ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں قائم کیا گیا ہے جہاں ووٹ نمبر 1 سے لے کر 8800 تک پولنگ ہوگی جبکہ بوتھ نمبر 2 کراچی شہداء ہال میں قائم ہے جہاں ووٹ نمبر 8801 سے لے کر 13000 تک پولنگ ہوگی۔
بوتھ نمبر 3 جناح لاؤنج میں ووٹ نمبر 13001 سے 17450 تک کیلئے قائم کیا گیا ہے جبکہ بوتھ نمبر 4 اقبال لاؤنج میں ووٹ نمبر 17451 سے 19800 تک کیلئے قائم ہے۔
اسی طرح بوتھ نمبر 5 لیٹیگنٹ سنٹر 1 میں ووٹ نمبر 19801 سے 24000 تک کیلئے قائم کیا گیا ہے جبکہ بوتھ نمبر 6 لیٹیگنٹ سنٹر 2 میں ووٹ نمبر 24001 سے 27365 تک کیلئے مختص ہے۔ بوتھ نمبر 7 کیانی ہال میں ووٹ نمبر 27367 سے 29965 تک کیلئے قائم کیا گیا ہے۔
خواتین وکلاء کیلئے علیحدہ سٹڈی روم میں بوتھ نمبر 8 قائم کیا گیا ہے جہاں ووٹ نمبر 29966 سے 32488 تک ووٹ کی حامل خواتین ووٹ کاسٹ کریں گی۔
علاوہ ازیں الیکشن بورڈ انتخابات کے عمل کی نگرانی کرے گا جبکہ ہائیکورٹ بار کے 4 عہدوں کیلئے 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کے عہدے کیلئے بابر مرتضیٰ خان اور راجہ عامر خان آمنے سامنے ہوں گے۔ نائب صدر کیلئے چوہدری قمر شاہد میو اور سہیل قیصر فاروق امیدوار ہیں جبکہ نائب صدر کے عہدے کیلئے شیخ حبیب بن یوسف اور فیصل محبوب ملک بھی امیدوار ہیں۔
سیکرٹری کے عہدے کیلئے بیرسٹر حارث حیات ڈاہر اور رائے محمد علی کھرل امیدوار ہیں جبکہ اسی عہدے کیلئے سجاد حسین تارڑ اور قاسم اعجاز سمرا بھی میدان میں ہیں۔
فنانس سیکرٹری کیلئے بلال ریاض شیخ اور چوہدری عبدالحئی گجر امیدوار ہیں جبکہ اسی عہدے کیلئے سعدیہ نورین مہر، فائزہ نصیر چوہدری اور قرةالعین بھی امیدوار ہیں۔