سٹی42:لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے لاہور کا موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا ۔
کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، کالج روڈ اور باگڑیاں میں رم جھم نے فضا کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ من چلے لاہوریے موسم کی تبدیلی کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات میں ملبوس ہوکر کام کاج کی جانب روانہ ہیں۔تاہم شہر لاہور کی فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویش ناک ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی مجموعی شرح 184 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔
شہر لاہور میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں سرمئی بادلوں کا بسیرا ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کی مقدار 90 فیصد ہے اور شمال مغرب سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔اس کے باوجود شہر کا فضائی معیار بدستور خراب ہے اور اے کیو آئی کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 25 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 123 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
ضلع خیبر کے میدانی علاقوں میں تین دن تک جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ تھم گیا جبکہ خیبر وادی تیراہ میں ایک فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ دو مکانات کی چھتیں گرنے سے ایک خاتون جان بحق ہو گئی۔ خیبر ضلعی انتظامیہ نے بند راستوں کو کھولنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں اور اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مزید تعاون کی اپیل کی ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کالام، مالم جبہ اور گردونواح میں سفید چادر بچھ گئی، شاردا میں پارہ منفی 4 اور گریس ویلی میں منفی 9 ریکارڈ کیا گیا، لوئر دیر، سوات اور جنوبی وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج سے28فروری کے دوران شدید بارش/ برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔ شدیدبارش /برفباری کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، کشمیر ، گلگت بلتستان ، مری اور گلیات میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ بارش اور برفباری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ رات میں تیز بارش /ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم ، گجرات،چکوال، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ، نارووال، نور پور تھل اورگردو نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے ۔ مری،گلیات اور گردونوا ح میں تیزہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور جبکہ چند مقامات پر تیز بارش /برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ، قلات ، ژوب ، موسیٰ خیل، لورالائی ، بارکھان، سبی،ڈیرہ بگٹی،نصیر آباد،جھل مگسی،کوہلو،خضدار، خاران، پنجگور ،چاغی،دالبندین اورنوکنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی تو قع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلودرہنے کا امکان ہے۔اس دوران بالائی اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش/بوندا با ندی ہو سکتی ہے ۔