ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خشک سردی یا بارش؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

خشک سردی یا بارش؟محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ آنے والے دنوں میں بعض علاقوں میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

شہر  لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 448 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں یہ شرح 1000 سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

چمن پارک کینال روڈ پر آلودگی کی شرح 1081 ریکارڈ کی گئی، کینٹ میں 642، برکی روڈ پر 571 اور عسکری ٹین میں 393 رہی۔ اسی طرح اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 253، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 240، گلبرگ ٹو میں 197 اور ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 183 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں خشک سردی بھی برقرار ہے جبکہ آئندہ دنوں میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر کو شہر قائد میں بارش کا امکان ہے۔ منگل سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق شہرکاکم سےکم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاجارہا ہے،موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،دن بھردرجہ حرارت 26 ڈگری رہنےکا امکان ہے۔شہرمیں ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے،ہلکی دھند کے باعث حد نگاہ 2 کلو میٹر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جبکہ 29 دسمبر کو بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت موسم مزید سرد ہو جائے گا جبکہ دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ آج اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس سسٹم کے باعث مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔